پاوہ شہر کے اہل سنت امام جمعہ ماموستا ملا قادر قادری کی یادداشتیں

ماموستا 68

مصنف: علی رستمی

ترجمہ: ضمیر علی رضوی

2026-07-15


بانی انقلاب سے ملاقات

ثقافتی سرگرمیوں میں ہمارے دو اہداف ہوتے تھے؛ ایک تو پاوہ میں ثقافتی اور سیاسی مزاحمت اور دوسرا، کرمانشاہ اور تہران کے حکام کو پاوہ کے حالات سے آگاہ کرنا اور سرحدوں اور آمد و رفت کی خبریں ان تک پہنچانا۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے 29 مئی 1979 کو پاوہ، جوانرود اور روانسر سے دو سو افراد پر مشتمل، جمعیت طرفدان حکومت قرآن کا ایک گروپ، انقلاب کے سربراہ سے ملاقات کے لیے قم روانہ ہوا۔ اس قدر نازک صورتحال تھی کہ اس سفر کا اشتیاق رکھنے والے بہت سے افراد، بشمول حقیر، اس سفر میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔ یہ گروپ، اسلامی جمہوریہ کے بانی کی خدمت میں پہنچ گیا اور ملا ناصر سبحانی نے انجمن کی نمائندگی کرتے ہوئے، ایک بہت اچھی تقریر کی تھی۔ ان دنوں کُردستان کے واقعات کے علاوہ، آیت اللہ مطہری اور لیفٹیننٹ جنرل قرنی[i] جیسی انقلابی شخصیات کے قتل کے واقعات بھی رونما ہورہے تھے، اور ہاشمی رفسنجانی صاحب کے اقدام قتل میں دہشتگردوں کو ناکامی ہوئی تھی۔ اس ملاقات کے دوران، ملا ناصر صاحب نے پاوہ اور اورامانات کی عوام کی جانب سے ان اقدامات کی مذمت کی تھی اور اس کے بعد، اسلامی جمہوریہ کے بانی کی خدمت میں ایک رپورٹ پیش کی تھی۔ پھر امام خمینی نے ایک مختصر سی تقریر میں، کچھ نکات بیان فرمائے تھے۔ پاوہ اور اورامانات کے باسیوں اور مدرسۂ قرآن پاوہ کے اراکین کے درمیان امام خمینی کی مختصر سی تقریر سے ملک اور بالخصوص پاوہ اور اورامانات کے علاقوں پر بہت اچھا اثر پڑا۔

 


[i]  محمد ولی قرنی، اسلامی جمہوریہ ایران کے پہلے چیف آف آرمی اسٹاف تھے، آپ سن 1913 میں تہران میں پیدا ہوئے اور اپریل 1979 میں عسکریت پسند گروپ فرقان نے آپ کو شہید کردیا تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل قرنی نے مذہبی رجحان اور سیاسی سرگرمیوں کے باعث، اپنی زندگی کے قریب چار سال پہلوی جیلوں میں گزارے۔



 
صارفین کی تعداد: 3



http://oral-history.ir/?page=post&id=13384