"رہبر معظم، انقلاب کی راہ میں"
ترجمہ: سید نعیم حسین شاہ
2026-05-07
بروز ہفتہ، 28 فروری 2026 کی تاریخ ایرانیوں اور دنیا بھر کے لاکھوں کروڑوں باایمان اور حریت پسند انسانوں کے تاریخی حافظے میں ایک تلخ اور اندوہناک یاد کے طور پر ثبت ہوگئی۔
وہ شخصیت، جو اسلامی انقلاب کی جدوجہد اور دفاعِ مقدس (جنگ) کے ایام کی تاریخ نویسی اور اس انقلاب کے پرچار کو ایک تاریخی ضرورت اور مذہبی و قومی فریضہ سمجھتی تھی، اپنے چاہنے والوں کو ان شیریں یادوں کے ساتھ تنہا چھوڑ کر معبودِ حقیقی سے ملنے کے لیے اپنے ابدی اور عرفانی سفر پر روانہ ہوگئی: "ارجعی الی ربک راضیة مرضیه، فادخلی فی عبادی وادخلی جنتی"
بلاشبہ، اسلامی انقلاب اور دفاعِ مقدس کی تاریخ نویسی، رہبرِ معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی توجہات، حمایت اور رہنما اصولوں کی مرہونِ منت ہے۔
جدید کتب کا دقیق مطالعہ کرنا، نئی کتب کو زیر نظر رکھنا، مصنفین کی حوصلہ افزائی کرنا، درجنوں کتب پر تقریظ (تعریفی نوٹ) لکھنا اور اس شعبے کے فعال افراد کے ساتھ متعدد ملاقاتیں اور گفتگو کرنا؛ ان سب نے نہ صرف تخلیقات کے معیار، موضوعات کی وسعت اور مخاطبین کی تعداد میں اضافہ کیا، بلکہ مستقبل کے لیے ایک اسٹریٹجک سرمایہ بھی فراہم کیا۔
یہ "زبانی تاریخ" (Oral History) کے شعبے سے وابستہ افراد کی خوش قسمتی تھی کہ حالیہ دہائیوں میں رہبر شہید کی سرپرستی کی بدولت انہیں ایک ایسا مقام حاصل ہوا جس کا ماضی سے کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ وہی مقام ہے جس نے دیگر علمی، ثقافتی اور سماجی شعبوں میں بھی "زبانی تاریخ" کی اہمیت کی طرف توجہ مبذول کرائی۔
حقیقت میں، اس صاحبِ بصیرت رہبر، مقامِ شہادت پر فائز عظیم المرتبت شخصیت اور اس عظیم لیڈر کو اس نظریاتی لہر کا بانی اور ستون سمجھنا چاہیے، جس نے عزیز ایران اور آنے والی نسلوں کے لیے ہزاروں گھنٹوں پر مشتمل انٹرویوز، ان گنت تحقیقات، دستاویزات اور یادگار تصاویر کا ذخیرہ چھوڑا ہے، اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ یہ سرمایہ اس دور اندیش حکیم کی قومی اور وسیع فکر کا ثمر ہے، جن کا دل اپنے عوام اور ملک کے عروج و ترقی کے لیے دھڑکتا تھا اور جو تاریخ کے تشخص ساز پہلوؤں سے بخوبی واقف تھے۔ یہی وہ پہلو ہیں جن کے ثمر کے طور پر آج بدچلن دشمنوں کے حملوں کے خلاف عوام کا بھرپور دفاع سامنے آ رہا ہے۔
ہم امید کرتے ہیں کہ جس راہ پر یہ عظیم رہبر گامزن تھے اور جس صراط استقامت کے وہ راہی رہے، ہم بھی اس راہ میں ان کے مخلص پیروکار ثابت ہوں۔
"زبانی تاریخ ویب سائٹ"
oral-history.ir
صارفین کی تعداد: 11
http://oral-history.ir/?page=post&id=13258
