محرم آپریشن کا پہلا مرحلہ
انتخاب: فائزہ ساسانی خواہ
ترجمہ: یوشع ظفر حیاتی
2025-12-03
آپریشن دس محرم 26 اکتوبر 1982(6 آبان 1361) کو «یا زینب سلاماللهعلیها» کے کوڈ کے ساتھ شروع ہوا۔ ہم نے یہ کوڈ وائرلیس پر کچھ یوں کمانڈروں اور یونٹوں کو بتایا:
«لا حول و لا قوّة إلّا بالله العلیّ العظیم، یا زینب، یا زینب سلاماللهعلیها»۔
یہ کارروائی تین مراحل میں انجام پائی۔ حسین خرازی، جو امام حسینؑ 14 ویں ڈویژن کے کمانڈر تھے، اور ان کے دستے کو بلندیوں کے دامن سے شرهانیچ چیک پوسٹ تک جانا تھا، لیکن انکی چیک پوسٹ سے پہلے، حمرین کی ابتدائی بلندیوں پر دشمن سے مدبھیڑ ہوگئی۔ ہم بھی اپنے محاذ پر، جو پندرہ کلومیٹر گہرائی رکھتا تھا، عراقیوں سے نبردآزما ہوئے اور پہلے مرحلے میں ان بلندیوں کے درمیانی حصے پر قبضہ کر لیا، جو ہمارے ڈویژن کے ذمہ تھا۔ دوسرے مرحلے میں ہم نے علاقے کے درمیانی اور شمالی محاذ کی مزید بلندیوں پر قبضہ کیا، اور تیسرے مرحلے میں تقریباً بیس کلومیٹر اندر عراق کی سرزمین میں داخل ہو کر سرحدی پکی سڑک اور زبیدات قصبے پر قبضہ کر کے اسے محفوظ بنایا اور ویں17 اور 8 ویں ڈویژن کے دستوں کے ساتھ ملحق ہوگئے۔
پہلا مرحلہ 24 گھنٹے جاری رہا؛ یعنی پہلے دن اور رات ہم نے حملہ کیا، اور اگلے دن و رات اپنی پوزیشنیں مستحکم کیں، بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا، راستوں اور سڑکوں کو صاف اور محفوظ کیا۔ گیارہ محرم تک بارودی سرنگوں کی صفائی جاری رہی۔ دائیں محور کے دستے، جو جواد اسلامی کی قیادت میں تھے، دشمن کو تباہ کرنے اور بلندیوں کو پاک کرنے میں کامیاب ہوئے اور قبضہ شدہ مورچوں میں براجمان ہو گئے۔ چونکہ ویں8 نجف ڈویژن شمالی حصے میں اپنے تمام اہداف پر مکمل قبضہ اور تحفظ حاصل نہیں کر سکا تھا، اس وجہ سے ہمارے دستے دائیں جانب سے خطرے میں تھے۔ لہٰذا کارروائی کو مزید گہرائی میں لے جانا 8 ویں نجف ڈویژن کے دستوں کی پیشقدمی اور الحاق پر منحصر تھا۔
بائیں محور کے دستے، عباس جعفری کی قیادت میں، اچھی طرح آگاہ اور علاقے سے واقف تھے۔ انہوں نے مختصر وقت میں اپنے اہداف حاصل کر لیے، دشمن کو تباہ کیا، کئی عراقیوں کو گرفتار کیا اور ان کی لائن پر براجمان ہو گئے۔ حقیقتاً انہوں نے اپنے وعدے کو پورا کیا۔ جب ہم نے کوڈ دیا اور پانچ مرتبہ صلوات بھیجی، تو مزددستان—خدا اس پر رحمت کرے—جو قائمشہر کا ایک نورانی، متدین اور شجاع نوجوان تھا، یاد آیا۔ وہ اکثر عباس جعفری کے ساتھ شناسائی کے لیے جاتا تھا۔ وہ کہا کرتا تھا: "حاجی صاحب! جب آپ کوڈ کا اعلان کریں گے اور تین صلوات پڑھیں گے، میں دشمن کی دفاعی لائن تباہ کر دوں گا۔" میں نے کہا پانچ مرتبہ صلوات، اور واقعی ایسا ہی ہوا۔
وسطی محور کے دستے، قاسمی کی قیادت میں، اسلامی اور جعفری کے ساتھ حمرین کی بلندیوں پر الحاق کرنے والے تھے۔ الحمدللہ انہوں نے جلد ہی دشمن کی لائن توڑ دی اور پہلی ہی رات مکمل الحاق کر لیا۔ سپاہیوں اور کمانڈروں نے بہت محنت کی اور دشمن کے مورچوں کی مکمل شناسائی کی۔ انہوں نے محرم کے مہینے میں ہونے والی اس کارروائی میں امام حسینؑ کی مانند جنگ کی اور کامیابی حاصل کی۔
ہمارے محاذ سے دس کلومیٹر کے فاصلے پر دشمن ایک گولی بھی ہمارے رزمندگان پر نہیں چلا سکا۔ ہمارے دستے فرنٹ لائن میں عراقیوں پر بجلی کی طرح ٹوٹ پڑے اور "یا حسینؑ" اور "یا زینبؑ" کے نعروں کے ساتھ انہیں تباہ کرتے ہوئے آگے بڑھے۔ البتہ دشمن نے عقب میں ایک دوسری لائن قائم کی تھی تاکہ اگر اس کی پہلی صف اگر پسپا ہو جائے تو پچھلی صف روک تھام کرسکے۔ وہ صرف مزاحمت کر رہے تھے، لیکن ہمارے مجاہدین ان پر ٹوٹ پڑے، انہیں تباہ کیا اور پہلی ہی رات کئی قیدی بنا لیے۔ البتہ ہماری 8 ویں نجف ڈویژن کے ساتھ الحاق میں کچھ وقت صرف ہوگیا۔ پہلے مرحلے میں ہم نے اپنے دستے ایک کلومیٹر تک نجف ڈویژن کی طرف بڑھا دیے تاکہ الحاق مکمل ہو سکے۔
oral-history.ir
صارفین کی تعداد: 25
http://oral-history.ir/?page=post&id=12957
