ویتنام جنگ کے خلاف بون میں طلباء کا عظیم اور بے مثال مظاہرہ


2023-10-09


بنیادی طور پر، 60 کی دہائی کے آخری سال آئیڈیلزم کی لہر کے بڑھ جانے سے وابستہ سمجھے جاتے ہیں۔ اس لہر کے بڑھنے کی ایک بڑی وجہ، چین اور الجزائر کے انقلابوں کی کامیابی، کیوبا کی فتح، لاطینی امریکہ میں انقلابی تحریکوں کا پھیلاوَ، فلسطین کی آزادی کے لیے انقلابی تحریک کی ابتدا(جون ۱۹۶۷ کی چھ روزہ جنگ کے بعد) کے اندر پوشیدہ ہے، جس کے نتیجے میں یورپ کے مختلف ممالک جیسے اٹلی، فرانس اور جرمنی وغیرہ میں انقلابی اور کمیونسٹ تنظیمیں قائم ہو گئیں۔ ان تنظیموں کی پیدائش کا پہلا مظہر، امریکہ اور ویتنام کی جنگ کے خلاف ایک بڑے مظاہرہ تھا، جو یورپ بھر کے طلباء کی، جرمن طلباء کی دعوت پر، بون میں منعقد کیا گیا تھا۔ دنیا کے مختلف ممالک کی طلبہ تنظیموں کے نمائندے، بشمول ایرانی اسٹوڈنٹس کی کنفیڈریشن اور یونین آف اسلامک ایسوسی ایشنز، دیگر افریقی اور ایشیائی ممالک کے طلبہ اور یورپ کے شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب کی بیشتر یورپی یونیورسٹیوں کے طلاب کی اکثریت وہاں موجود تھی. بون یونیورسٹی کے کیمپس اور اطراف میں جمع ہونے والے طلاب کے جم غفیر نے پیدل مارچ شروع کر دیا۔ سڑک کئی کلومیٹر تک سٹوڈنٹس کی صفوں سے کچھا کچھ بھری ہوئی تھی۔ میں اور میری اہلیہ، جو چند ماہ پہلے جرمنی پہنچی تھیں، آخن نامی انجمن کے افراد کے ساتھ اس اجتماع میں آگے بڑھ رہے تھے کہ اچانک انتظامیہ کی طرف سے لاؤڈ اسپیکر پر اعلان ہوا: "توجہ فرمائیں۔ ایرانی طلباء کو انتباہ! کچھ دیر میں ہم ایرانی سفارت خانے کی عمارت کے سامنے سے گزریں گے۔ ساواک کے اہلکار کیمروں کی مدد سے مظاہرین کی تصاویر کھینچ رہے ہیں۔ اپنے اور اپنے دوستوں کی حفاظت کے لیے یا تو اپنا چہرہ ڈھانپ لیں یا اپنے آپ کو دوسرے طلباء کے ہجوم میں چھپا لیں، یا کم از کم اپنا چہرہ سڑک کی دوسری جانب موڑ لیں"۔ ہم چند ایرانی طلاب اس معاملے پر بات کر ہی رہے تھے کہ دوسرے طلباء متوجہ ہوئے کہ ہم ایرانی ہیں۔ انہوں نے ہمیں اپنے درمیان اس بہتریین انداز میں چھپایا کہ اس یکجہتی سے ہماری آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ گئے۔ امریکہ اور کبھی کبھار سوویت یونین کی مذمت کے نعروں کے علاوہ، مارچ کا نمایاں نعرہ "بین الاقوامی یکجہتی و ہمدردی زندہ باد و پائندہ باد" تھا۔

 

منبع: طباطبایی، صادق، خاطرات سیاسی ـ اجتماعی دکتر صادق طباطبایی، ج 1، جنبش دانشجویی، تهران، مؤسسه چاپ و نشر عروج، 1387، ص 244 ـ 245

 

 


15khordad42.ir
 
صارفین کی تعداد: 1102



http://oral-history.ir/?page=post&id=11478